ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : مردہ گھر کا چوکیدار نکلا چور ۔ لاش کے کانوں سے چرائی گئی ہیرے کی بالیاں بازیافت  

منگلورو : مردہ گھر کا چوکیدار نکلا چور ۔ لاش کے کانوں سے چرائی گئی ہیرے کی بالیاں بازیافت  

Mon, 23 Aug 2021 11:16:34    S.O. News Service

منگلورو، 23؍ اگست (ایس او نیوز)  بیندورویل میں واقع ایک ہاسپٹل کے مردہ گھر میں رکھی گئی لاش کے کانوں میں سے ہیرے کی بالیاں غائب ہونے کا مسئلہ حل کرتے ہوئے پولیس نے مردہ گھر کے چوکیدار کے پاس سے مذکورہ بالیاں برآمد کرلیں ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق شہر کے ایک مال کے سیکیوریٹی ڈپارٹمنٹ منیجر کے بطور ملازمت کرنے والے ہریش شیٹی (45 سال) کی جمعرات کے دن حرکت قلب بند ہوجانے سے موت واقع ہوئی تھی ۔ چونکہ اس کے چند قریبی رشتہ دار دوسرے شہر سے آنے والے تھے اس لئے اس کی لاش کو ہاسپٹل کے مردہ گھر میں محفوظ رکھا گیا تھا ۔ اس کے گلے میں موجود سونے کی چین نکالی گئی تھی مگر اس کے کانوں میں موجود ہیرے کی بالیاں چونکہ نکالنا مشکل ہورہا تھا اس لئے آخری رسومات ادا کرتے وقت نکالنے کا فیصلہ کیا گیا اور مردہ گھر کے نگرانی کرنے والوں کو اس بات سے باخبر کردیا گیا تھا ۔
    
دوسرے دن جب رشتہ دار لاش لینے کے لئے مردہ گھر پہنچے تو کانوں سے بالیاں غائب تھیں ۔ چوکیدار سے پوچھنے پر اس نے لاعلمی کا اظہار کیا تو کدری پولیس اسٹیشن کو اس بات کی اطلاع دی گئی ۔ پولیس نے جب سی سی ٹی وی کیمرہ کی فوٹیج چیک کی تو پتہ چلا کہ یہ حرکت خود مردہ گھر کے چوکیدار نے کی ہے۔  جس کے بعد چوکیدار نے وہ بالیاں گھر والوں کو لوٹائیں ۔ اس معاملہ میں ہاسپٹل منیجر نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ چوکیدار تین مہینے پہلے ہی سیکیوریٹی کی ملازمت پر تعینات ہوا تھا ۔ اب اس چوری کے واقعہ کے بعد اسے برخاست کردیا گیا ہے ۔


Share: